جماعت اسلامی کی میئر کراچی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) جماعت اسلامی نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔ توہین عدالت کی درخواست سٹی کونسل میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین نے سندھ ہائیکورٹ میں دائر کی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میئر کراچی نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف میونسپل چارجز کی وصولی کا بل پاس کروایا، میونسپل چارجز سٹی کونسل کے ایجنڈے میں شامل نہیں کیے گئے، عدالتی ہدایت پر نہ کمیٹی بنائی اور نہ ہی اپوزیشن کو اعتماد میں لیا گیا۔ سیف الدین نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ عدالت نے میونسپل چارجز کے بل پر نظر ثانی کی ہدایت کی تھی وہ بھی نہیں ہوا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔