سندھ حکومت پولیو کے خاتمے کےلیے پرعزم ہے، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ

کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے چیئرمین روٹری فائونڈیشن مسٹر مارک ڈینیل میلونی نے ملاقات کی. چیئرمین روٹری فائونڈیشن کے ہمراہ وفد میں عزیز میمن، ڈائریکٹر فیض قدوائی، ایرک شیملنگ، رضوان آدہیہ اور دیگر شامل تھے.
وزیراعلیٰ سندھ کے ساتھ سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل ، سیکریٹری صحت ریحان بلوچ اور دیگر شریک ہوئے.
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے روٹری فائونڈیشن کے چیئرمین کو وزیراعلیٰ ہائوس میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہم روٹری کے شکرگزار ہیں کہ وہ پولیو کے خاتمے میں سندھ حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہے. سندھ حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے.
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا پڑوسی ملک سے پاکستان کی جانب سفر کی وجہ سے پولیو کے خاتمے میں دشواری کا سامنا ہے.
مسٹر مارک ڈینیل نے کہا روٹری نے امیونائزیشن کے لیے پاکستان بھر میں 23 مراکز قائم کیے ہیں. روٹری پولیو وائرس ہائی رسک ایریا ز میں محکمہ صحت کے ساتھ کام کررہی ہے.
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا سندھ حکومت پولیو خاتمے کو قومی ذمہ داری سمجھتی ہے. ہم پولیو کے خلاف بھرپور کام کررہے ہیں اور جلد اس کا خاتمہ کریں گے.
چیئرمین روٹری نے کہا روٹری نے افغانستان سے آنے والوں کے لیے بھی بارڈر پر پولیو کے قطرے پلانے کا انتظام کیا ہے.
وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین روٹری اور دیگر مہمانوں کو اجرک ، سندھی ٹوپی اور کھیس کے تحائف پیش کیے.