مولانا سید ابو الاعلی مودودیؒ کی 45 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) بانی جماعت اسلامی مولانا سید ابو الاعلی مودودیؒ کی وفات کو 45 برس بیت گئے۔ 1903 میں اورنگ آباد دکن میں پیدا ہونے والے سید ابوالاعلی مودودی کا شمار 20 ویں صدی کے عظیم اسلامی مفکرین میں ہوتا ہے، مولانا مودودی نے 26 اگست 1941کو لاہور میں جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی۔ مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی ؒ 25 ستمبر 1903 ء کو حیدر آباد دکن کے شہر اورنگ آباد میں پیدا ہوئے۔ وہ 1906 تا 1913 ء ابتدائی تعلیم کے مراحل سے گزرے۔ 1918 ء میں صرف پندرہ سال کی عمر میں صحافت کا آغاز ”اخبار مدینہ“ سے کیا۔ 1920 ء میں مولانا مودودیؒ کے سر سے والد کا سایہ اٹھ گیا۔ 1925 ء میں ”الجمعیۃ“ دہلی کی ادارت سنبھال لی جو چار سال تک جاری رہی۔ 1932 ء میں حیدر آباد دکن سے ماہنامہ ”ترجمان القرآن“ کا اجرا کیا۔ 26 /اگست 1941 ء کو لاہور میں جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی۔ 11 مئی 1953 ء کو فوجی عدالت نے مولانا مودودی ؒ کو سزائے موت سنا دی۔ 1957 ء میں ماچھی گوٹھ میں جماعت اسلامی کا چوتھا کل پاکستان اجتماع ہوا۔ 1963 ء میں لاہور میں مولانا سید مودودی ؒ پر قاتلانہ حملہ ہوا۔ 1967 ء میں بحالی جمہوریت کے لیے دوسری جماعتوں سے مل کر تحریک جمہوریت پاکستان (پی ڈی ایم) کی تشکیل کی۔ 1970 ء میں مولانا مودودیؒ کے اعلان پر بے مثال یوم شوکت اسلام منایا گیا۔ 1973 ء میں 31 سال تک تحریک کی رہنمائی کرنے کے بعد مسلسل علالت کی وجہ سے جماعت اسلامی کی امارت سے معذرت کر لی۔ 1979 ء میں علاج کی غرض سے مولانا مودودی ؒ امریکہ گئے جہاں 22 ستمبر 1979 ء کو بفیلو اسپتال میں انتقال فرما گئے۔ ان کی تدفین لاہور میں کی گئی۔