شب برات میں کرونا وائرس کی وباء سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔مرزاارشدالقادری

ملتان (ایچ آراین ڈبلیو ) متحدہ میلاد کونسل کے صدر مرزاارشدالقادری نے شب برات کے موقع پر علماء کرام اورعوام سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ نصف شب شعبان المعظم ان خاص راتوں میں سے ایک ہے جن میں اللہ تعالیٰ اپنی خصوصی رحمتوں کا نزول فرماتا ہے۔احادیث کی روشنی میں اس شب اللہ پاک دعائیں قبول فرماتا ہے اورجہنمیوں کو جہنم سے چھٹکارہ عطا فرماتا ہے۔اس شب میں آنے والے سال کے تمام اعمال کا فیصلہ بھی کیا جاتا ہے۔لہذا اس شب میں کرونا وائرس کی عالمی وباء سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں۔نوافل،توبہ واستغفاراورتلاوت قرآن مجید کے زریعے اپنے گناہوں کی معافی مانگی جائے۔اپنے رب کے حضورگڑگڑاکردعائیں کی جائیں۔تمام مسلمان اس مقدس اوررحمتوں بھری شب میں حفاظتی اقدامات کے ساتھ عبادات کا خصوصی اہتمام کریں۔اورپوری انسانیت کے حفظ وامان کی دعائیں کریں۔انہوں نے کہا کہ یقینا یہ آفت ہمارے گناہوں اوربرے اعمال کا نتیجہ ہے،جبکہ اس سے بچاؤ کی سب سے بڑی تدبیر توبہ واستغفار ہے لہذا تمام مسلمان اس مقدس شب کو غنیمت جانتے ہوئے اپنے رب کی رضا حاصل کریں تاکہ اللہ پاک اپنی رحمت کاملہ کے زریعے پوری انسانیت کو اس وباء سے نجات عطا فرمائے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی حکومتی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں