وزیراعظم کا کارکردگی نہ دکھانے والے وزرا کی کابینہ سے چھٹی کا فیصلہ

اسلام آباد: (ایچ آر این ڈبلیو) وزیراعظم عمران خان نے توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے والے وفاقی وزرا کی چھٹی کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعظم عمران خان اپنی ٹیم کی کارکردگی سے ناخوش ہیں اور توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے والے وفاقی وزرا کی چھٹی کا بھی امکان ہے, ذرائع کے مطابق وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ 48 رکنی وفاقی کابینہ کے باوجود کئی وزارتوں اور ان کے ماتحت محکموں کی کارکردگی تسلی بخش نہیں۔ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کی کارکردگی خود جانچنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور وزیراعظم آفس کی جانب سے وفاقی وزراء کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ وہ وزارتوں کی کارکردگی رپورٹس جمع کرائیں اور وزارتوں کے قلمدان سنبھالنے سے لے کر اب تک ہونے والے اجلاسوں، فیصلوں اور ان پر عملدرآمد سے متعلق تفصیلی رپورٹس بھی جمع کرائی جائیں، جب کہ ہر وفاقی وزیر اپنی وزارت کے مستقبل کی منصوبہ بندی پر مشتمل پلان بھی وزیراعظم آفس بھجوائے۔وزیراعظم کے قریبی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی وزرا اپنے دور میں وزارتوں میں کیے گئے اقدامات پر باقاعدہ بریفنگ دیں گے اور وزیراعظم کارکردگی رپورٹس کی بنیاد پر وزرا کے مستقبل کے بارے میں فیصلے کریں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں