صوبہ پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا نیا شیڈول جاری

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) صوبہ پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کا نیا شیڈول جاری، تفصیلات کے مطابق پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کی جانب سےجاری کردہ مراسلےکے مطابق میٹرک اور انٹرمیڈیٹ دونوں کے پریکٹیکلز نہیں ہوں گے بلکہ صرف تھیوری پرچے لئےجائیں گے۔

مراسلے کے مطابق پرچوں کا سینٹر لائزڈ مارکنگ نظام بھی تبدیل کردیا گیا ہے اور اب الگ مارکنگ ہوگی۔ مراسلے میں صوبے بھر کےتمام تعلیمی بورڈز کو ہدایت کی گئی ہےکہ شیڈول کے تحت امتحانات کی تیاریاں شروع کردیں تاہم 4 جون تک کورونا وائرس ختم نہ ہوا تو یہ شیڈول منسوخ تصور کیا جائے گا۔

مراسلے کے مطابق دسویں کےسالانہ امتحانات مکمل ہوچکے ہیں اس لئےان کے نتائج کا اعلان جولائی کے تیسرے ہفتہ میں ہوگا، جبکہ نویں کلاس تھیوری امتحانات 18 جون سے 27 جون تک ہوں گے اور نتائج کا اعلان ستمبر کے پہلے ہفتہ میں ہوگا۔

انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ائیر کے امتحانات 29 جون سے 27 جولائی کےدرمیان ہوں گے اور نتائج کا اعلان ستمبرکے دوسرے ہفتہ میں ہوگا۔ اسی طرح فرسٹ ائیر کے امتحانات 10 جولائی سے20 جولائی ہوں گے، نتائج کا اعلان اکتوبر کے پہلے ہفتہ میں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں