تبلیغی اجتماع کے 11ہزاردو سو74میں سے آٹھ ہزارچھ سو 78 شرکاء کے کورونا ٹیسٹ مکمل

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) راجہ بشارت اور چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس، صوبے میں وائرس کی صورتحال، گندم خریداری مہم کا جائزہ، تفصیلات کے مطابق صوبے میں تبلیغی اجتماع کے 11ہزاردو سو74میں سے آٹھ ہزارچھ سو 78 شرکاء کے کورونا ٹیسٹ مکمل کر لئے گئے ہیں جو تمام منفی ہیں، باقی ٹیسٹ بھی کل تک مکمل کر لئے جائیں گے۔
یہ بات صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان کی زیر صدارت اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا، کمشنر لاہور ڈویژن سیف انجم، سی سی پی اولاہور ذوالفقار حمید اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ آئی جی پنجاب شعیب دستگیر،ڈویژنل کمشنرز ور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تبلیغی ارکان جن میں غیر ملکی بھی شامل ہیں کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں انکے گھروں کو بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اجلاس میں صوبے میں گندم خریداری اور بار دانہ کی تقسیم کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک صوبے کے مختلف اضلاع میں سات لاکھ76ہزارایک سو80 بوری باردانہ جاری کیا گیا ہے اور94ہزارپانچ سو 62میٹرک ٹن گندم خریدی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں