پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی ناکافی ہے، شہباز شریف

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو)‌ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا حکومت کی پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کمی ناکافی قرار دیتے ہوئے کہنا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کمی کا پورا فائدہ عوام کو منتقل نہیں کیا جا رہا،عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی پر پاکستان نے تیل نہیں خریدا جس کی سزا اور خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے،حکومت پٹرول اور ڈیزل کی قیمت 50 روپے فی لٹر کرے، پٹرول اور ڈیزل 50 روپے فی لٹر کرنے سے بھی حکومت کو کوئی نقصان نہیں،47 روپے فی لٹر پٹرول دینے کا وعدہ کرنے والے آج صارفین کو ان کا حق دینے پر تیار نہیں، پٹرول اور ڈیزل 50 روپے فی لٹر کرنے سے معاشی صورتحال میں بھی بہتری آسکتی ہے،پٹرول اور ڈیزل 50 روپے کم کرنے سے آٹا، دال، گھی، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہوسکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی سے انتہائی کم قیمت پر تیل نہ خریدنا حکومت کی مجرمانہ غفلت اور نالائقی ہے،عالمی منڈی سے کم قیمت پر تیل خرید کر عوام کو غیرمعمولی ریلیف دینا چاہئے تھا ، حکومت پھر موقع اور وقت ضائع کر رہی ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہے، کورونا سے پیدا ہونے والے غیرمعمولی حالات میں عوام کو تیل کی قیمتوں میں پوری کمی منتقل کی جائے،حکومت معاشی پیکج دے سکتی ہے اور نہ ہی ریلیف، کم ازکم تیل کی قیمتوں کا فائدہ تو عوام کو دیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی 50 فیصد یا کم ازکم ایک تہائی کمی کی جائےاور بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں ریلیف دیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27 روپے 15 پیسے فی لیٹر مٹی کے تیل کی قیمت میں 30 روپے 1 پیسے فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔ پیٹرول کی قیمت 96 روپے 58 پیسے سے کم ہوکر 81 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 107 روپے 25 پیسے فی لیٹر سے کم ہو کر 80 روپے 10 پیسے، مٹی کا تیل 77 روپے 45 پیسے سے کم ہو 47 روپے 44 پیسے جب کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 62 روپے 51 پیسے سے کم کرکے47 روپے 51 پیسے فی لیٹر کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں