کشمیر ی مسلمانوں کی آواز کو جبر و تشدد کے ساتھ دبایا جا رہا ہے، شاہ عبدالحق

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جما عت اہلسنّت پاکستان کرا چی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری،مولانا ابرار احمد رحمانی،ڈاکٹر سید عبد الوہاب قادری،علامہ سید عبد القادر شاہ شیرازی،علامہ سید عبد الحق سیفی،مفتی ناصر خان ترابی،علامہ کامران قادری،مولانا الطاف قادری،سید رفیق شاہ نے ایک مشترکہ بیان میں لائن آ ف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج جان بوجھ کر پاکستانی شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے اسطرح کی اشتعال انگیزیاں خطے کے امن و استحکام کیلئے شدید خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا دعویدار بھارت طاقت کے زور پر کشمیر پر قابض ہے۔کشمیر ی مسلمانوں کی آواز کو جبر و تشدد کے ساتھ دبایا جا رہا ہے۔ کشمیری عوام کئی سال سے اپنے حق کیلئے جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں لاکھوں شہدا کی قبریں اس جدوجہد کی گواہ ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ بھارت کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق بے دردی سے پامال کر رہا ہے کشمیر میں بھارتی مظالم پر انسانی حقوق کے عالمی چیمپیئن کیوں خاموش ہیں؟۔اقوام متحدہ میں منظور قرار دا دوں کے مطابق کشمیر یوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں