نئے ڈویژنز اور اضلاع سے متعلق سفارشات پیش کی جائیں، جام کمال

کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے محکمہ ریونیو کی استعداد کار میں اضافے اور ریونیو بڑھانے کیلئے جامع میکنزم تیار کرنے اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ہدایت کرتے ہوئے پٹواریوں کی خالی اسامیوں کو بذریعہ پبلک سروس کمیشن پر کرنے اور سروس رولز میں ضروری تبدیلی سے متعلق فوری طور پر سمری ارسال کرنے کے احکامات دئیے۔وزیراعلیٰ نے یہ ہدایت محکمہ ریونیو اور محکمے کی ڈیجیٹائزیشن سے متعلق لینڈ مینجمنٹ ریونیو انفارمیشن سسٹم سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضلعی انتظامیہ اپنا بنیادی کام احسن انداز سے سرانجام دے تو محکمہ صوبے کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن اضلاع سے زیادہ محاصل اکٹھا ہورہا ہے اس ریونیو میں ان اضلاع کو بھی شئیر دیئے جائیں ۔محکمہ مال میں موجود عملہ اس بات کو یقینی بنائے کہ حاصل ہونے والے محاصل قومی خزانے میں جمع بھی کرنے سے متعلق ٹیکنالوجی پر مبنی طریقہ کار وضع کیا جائے۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے بلوچستان لینڈ ریونیو مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر متعلقہ حکام کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ میں بتایاگیا کہ مذکورہ پراجیکٹ صوبہ پنجاب کی طرز پر ترتیب دیاگیا ہے۔جس میں لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزنگ، ٹیکس کمی کنٹرول، لینڈریکارڈ تک آسان رسائی، عوامی فلاح و بہبود کیلئے بہتر لینڈ پلاننگ،سکیننگ اور انڈیکسنگ ماڈیول،ڈیٹا انٹری ماڈیول، مرکز سہولت، ای سٹیمپنگ ماڈیول، انٹریکٹیو سائٹ، موبائل ایپ، فیڈ بیک ماڈیول، انٹی گریشن سسٹم شروع کرنے اور صوبے میں نئے ڈویژنز اور اضلاع کے قیام سے متعلق سمیت عشر،آبیانہ اور دیگر امور کے حوالے سے آگاہ کیاگیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے محکمہ ریونیو اور ڈویژنل کمشنرز کو ریونیو بڑھانے اور اس حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرز، تحصیلدار، نائب تحصیلدار اور محکمہ مال کے دیگر عملے کو اپنے فرائض کا ادراک رکھنے اور امور کی احسن انجام دہی کو یقینی بنانے اور محاصل میں اضافے سے متعلق اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں