مصرکے تفریحی پارک میں خوفناک حادثہ،لوگ خوفزدہ ہوگئے

اسکندریہ(ایچ آراین ڈبلیو)مصر کے ایک تفریحی پارک میں خوفناک حادثہ پیش آیا جسے دیکھ وہاں موجود لوگ شدید خوفزدہ ہوگئے، حادثے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔تفصیلات کے مطابق شمالی مصر کے شہر اسکندریہ میں ایک تفریحی پارک میں ایک 12سالہ بچی کھیل کےدوران دس میٹر کی بلندی سےگرکردم توڑگئی۔اسکندریہ کے پر اسیکیوٹر نے تفریحی پارک کے مالک کو بغیر لائسنس کے پارک چلانے اور بچی کے قتل کا الزام لگاتے ہوئے گرفتارکرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسکندریہ سیکیورٹی ڈائریکٹر کو ایک رپورٹ ملی تھی کہ ایک لڑکی تفریحی پارک میں کھیلتے ہوئے گر کر جاں بحق ہوگئی ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا کہ لڑکی اپنے خاندان کے ساتھ پکنک منا رہی تھی اور اس نے “الاعصار” گیم میں حصہ لینے کی اجازت مانگی۔ گیم میں شرکت کے چند منٹ بعد ہرطرف افراتفری پھیل گئی اور لوگوں نے بچی کے گرنے پر شور مچانا شروع کر دیا۔ بچی 10 میٹر کی بلندی سے گر کر موقع پر ہی جاں بحق ہوچکی تھی۔استغاثہ نے تفریحی پارک کے مالک کو گرفتار کرنے اور اسے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ حادثے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے لیے ایک تکنیکی کمیٹی کی تشکیل دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں