پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی پر مزید 36 بھارتی ماہی گیر گرفتار

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) نے کھلے سمندر میں آپریشن کے دوران 6 بھارتی لانچیں تحویل میں لے کر ان پرسوار 36 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پی ایم ایس اے کے مطابق پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں موجود 6 بھارتی کشتیوں کو تحویل میں لیا گیا جن پرسوار36 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کرلیا گیا۔بھارتی کشتیاں پاکستانی خصوصی اقتصادی زون کے اندر غیر قانونی شکار میں مصروف تھیں، جنہیں پاکستانی قانون اور سمندر کے قانون سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشن کے مطابق قبضے میں لیا گیا، گرفتار ماہی گیروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا۔واضح رہے کہ دو روز قبل پی ایم اے نے آپریشن متحد کے دوران پاکستانی حدود میں داخل ہونے والے 13 بھارتی ماہی گیروں کو گرفتار کر کے دو کشتیوں کو تحویل میں لے لیا تھا۔بتایا گیا تھا کہ میری ٹائم سیکیورٹی کے جہاز نے آپریشن کے دوران 2 بھارتی ماہی گیرکشتیوں معراج علی اور ال احد کو قبضے میں لے کر ان پر سوار عملے کے 13 افراد (ماہی گیروں) کو گرفتار کیا جنہیں قانونی کارروائی کے لیے کراچی منتقل کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں