روس کا دورہ کرنے سے ایک طاقتور ملک ناراض ہوگیا،وزیر اعظم

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ روس کا دورہ کرنے سے ایک طاقتور ملک ناراض ہوگیا، بھارت جو ان کا اتحادی ہے وہ روس کی پوری مدد کر رہا ہے۔ آج ایک بیان میں پڑھا، کہا گیا کہ بھارت کی خارجہ پالیسی آزاد ہے اسے کچھ نہیں کہہ سکتے، اگر بھارت خود مختار ملک ہے تو ہمیں بتائیں ہمارے ملک کی پالیسی کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سیکیورٹی ڈائیلاگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشیر قومی سلامتی معید یوسف کو مبارکباد دیتا ہوں، سیکیورٹی ڈائیلاگ ملک کے مستقبل کے لیے بہت اہم ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک کی پالیسی مخلوط نہ ہو تب تک شہری خود کومحفوظ نہیں سمجھتا، ریاست مدینہ کا ماڈل سمجھ جائیں تو وہی ملک کی سیکیورٹی ہے۔ میں جب مدینہ کی ریاست کی بات کرتا ہوں لوگوں کو سمجھ نہیں آتا، لوگ سمجھتے ہیں میں ریاست مدینہ کی بات ووٹ کے لیے کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ایک چھوٹے سے ایلیٹ طبقے نے ملک پر قبضہ کرلیا، ایلیٹ نے تعلیم کے سسٹم پر قبضہ کیا اس سے بڑا ظلم کیا ہوگا۔ ملک میں سارا مسئلہ اچھی تعلیم اور صحت کا نہ ہونا ہے۔ مدینہ میں سب سے اہم چیز فلاحی ریاست اور قانون کی حکمرانی تھی۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر سال غریب ملکوں سے 1.6 ٹریلین ڈالر منی لانڈرنگ کے ذریعے ترقی یافتہ ملکوں میں چلا جاتا ہے، ملک میں انصاف، تعلیم اور صحت کے فرق کو ختم کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں