مداخلت کو کوئی خوددار قوم برداشت نہیں کرسکتی

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مداخلت کو کوئی خوددار قوم برداشت نہیں کر سکتی، بے یقینی کی صورتحال سے اسٹاک مارکیٹ کریش ہوئی، عدم استحکام پاکستان کے لیے مناسب نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اصولاً کسی خود مختار ملک کے معاملات میں مداخلت نامناسب ہے، مداخلت کو کوئی خوددار قوم برداشت نہیں کر سکتی۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اجلاس بلانے کا مقصد صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا تھا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے ہدایت دی کہ امریکی ناظم الامور کو بلا کر ڈی مارچ کیا جائے، امریکی ناظم الامور کو بلا کر ڈی مارچ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی گئی، اجلاس بلانے کے باوجود اپوزیشن اجلاس میں نہیں آئی، اپوزیشن کو اعتراض تھا تو اجلاس میں آ کر اٹھانا چاہیئے تھا۔ پارلیمانی فورم موجود تھا لیکن اپوزیشن اس میں شرکت سے کترائی۔سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ معاملہ اس وقت عدالت عظمیٰ میں زیر سماعت ہے، معاملے پر مجھے محتاط گفتگو کرنی ہے، عدالت میں ہم اور اپوزیشن اپنے اپنے مؤقف پیش کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں