سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ نے اولڈ ایریا کو کنکریٹ کا قبرستان بنا دیا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ نے اولڈ ایریا کو کنکریٹ کا قبرستان بنا دیا، بہتے گٹر، پانی و بجلی اور گیس کے بحران کے درمیان بغیر منصوبہ بندی اور زیادہ تر عمارتوں کی بغیر نقشہ کے تعمیرات نے اس تاریخی ایریا کو بے ہنگم بنا دیا ہے، دنیا اپنی تاریخ محفوظ رکھنے کے لئے بھاری سرمایہ کاری کرتی ہے اور ایس بی سی اے و ہیرٹیج ڈپارٹمنٹ چند لاکھ کے عوض تاریخی ورثہ قرار دی جانے والی عمارتوں کو بلڈر مافیا کے ذریعے منہدم کرکے کھولیاں نما فلیٹس کی عمارتوں میں تبدیل کر رہا ہے اور اس شہر کو مزید کھنڈرات میں تبدیل کیا جا رہا ہے، کراچی کو تباہ کرنے والے اپنی جیبیں بھر کر گاؤں کا رخ کر لیں گے لیکن اہل کراچی کی نسلیں ان کے سیاہ کرتوتوں کا خمیازہ بھگتی رہیں گی، تعمیراتی قوانین پر کام کرنے والے ایڈوکیٹ ندیم احمد جمال نے گزشتہ دنوں ڈی جی ایس بی سی اے کو ایک شکایتی مراسلہ جمع کرایا جس میں ان کی توجہ مندرجہ بالا تعمیراتی خلاف ورزیوں اور قومی ورثہ قرار دی جانے والی عمارتوں‌ کی تباہ کاری سے مبذول کیا ہے، اس کی ایک کاپی ڈائرئکٹر ساؤتھ اشفاق کھوکھر کو بھی جمع کرائی گئی ہے، اس شکایتی مراسلہ میں‌ 21 عمارتوں کی تفصیل بیان کی گئی ہے اور یہاں ہونے والی تعمیراتی خلاف ورزیوں کا پردہ چاک کیا گیا ہے، ایچ آر این ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے ندیم احمد جمال ایڈوکیٹ نے کہا کہ ویسے تو ضلع جنوبی میں 200 سے زائد غیرقانونی اور خلاف ضابطہ تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے لیکن پہلے مرحلے میں‌ ہم نے جن غیرقانونی عمارتوں میں‌ تعمیراتی خلاف ورزیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا ہے ان کی درخواست جمع کرا دی گئی اور اگر ایک ہفتہ کے دوران یہاں پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کے بی اینڈ ٹی پی آر 2002 سیکشن 6 اور 7-A کے تحت انہدامی اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی سیکشن 19 کے تحت تعزیری کارروائی شروع نہ کی تو ان کے خلاف اینٹی کرپشن رولز 1993 کے تحت کارروائی عمل میں‌ لانے کی کارروائی شروع کی جائے گی، انہوں‌ نے کہا کہ ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ ساؤتھ اشفاق کھوکھر اور ڈپٹی ڈائریکٹر امتیاز شیخ، آغا جہانگیر اور حزب اللہ شیخ ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جہانگیر منگی اور مبشر شیخ مبینہ طور پر بلڈر مافیا کے سہولت کار بن کر ان غیرقانونی تعمیرات کی سرپرستی میں‌ ملوث ہیں اور کروڑوں روپوں کے نذرانہ کے عوض اربوں روپے مالیت کی غیرقانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے