موزمبیق میں مسافر بردار کشتی ڈوب گئی، 90 ہلاک اور 26 لاپتا

موزمبیق (ایچ آراین ڈبلیو) موزمبیق میں 130 سے زائد مسافروں کو لے جانے والی کشتی سمندر میں ڈوب گئی اور صرف 5 افراد کو ہی بچایا جا سکا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ہیضے کی وبا سے بچنے کی کوشش میں ترک سکونت کے لیے جانے والے بدقسمت مسافروں کی کشتی صوبہ لونگا سے موزمبیق کے ایک جزیرے پر جا رہی تھی۔ کشتی میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔ کشتی مسافروں کا بوجھ برداشت نہ کرسکی اور تندو تیز سمندری ہواؤں اور اونچی تلاطم خیز لہروں کے باعث الٹ گئی اور تمام مسافر ڈوب گئے۔ لائف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے 130 افراد میں صرف 5 مسافروں کو ہی زندہ نکالا جا سکا جب کہ 90 لاشیں مل چکی ہیں اور 26 لاپتا ہیں جن کے زندہ ملنے کی امیدیں دم توڑ گئیں۔ ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں موزمبیق کے ساحل پر جا بجا بکھری لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔ حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔