محفوظ، صحت مند پولٹری مصنوعات کی مارکیٹ تک رسائی یقینی بنائیں گے، ڈائریکٹر جنرل آغا فخر حسین

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) سندھ فوڈ اتھارٹی اور سندھ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز ڈپارٹمنٹ مل کر پولٹری انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے کام کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں جس میں فوڈ سیفٹی اور حفظان صحت کے اصولوں پر توجہ دی جائے گی۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے پی ائی آر کورنگی میں ڈائریکٹوریٹ آف پولٹری بریڈنگ، فارمنگ اور نیوٹریشن کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے کہا کہ ہم فارمرز، ہول سیلر اور ریٹیلر ایسوسی ایشنز کو ساتھ لے کر ایک جامع پروگرام ترتیب دے رہے ہیں تاکہ مارکیٹ میں صارفین کی محفوظ، صحت مند اور صحت بخش پولٹری مصنوعات تک رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ میں قائم لیب کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ منصوبے کے تحت فعال بنایا جائے گا تاکہ متعلقہ شعبہ کے یونیورسٹی طلباء اور پولٹری کے کاروبار سے وابستہ افراد کو تربیت فراہم کی جا سکے۔