اسمال انڈسٹریز کے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنایا جائے ۔ جام اکرام اللہ دھاریجو

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کی زیر صدارت سندھ اسمال انڈسٹریز کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سندھ اسمال انڈسٹریز کی مینجنگ ڈائریکٹر ثروت فہیم و دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے افسران کو ریکوری بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے
سندھ اسمال انڈسٹریز کے ملازمین کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اسمال انڈسٹریز کے فروغ کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے تاکہ صنعتوں کے فروغ سے بیروزگاری کے خاتمے میں مدد مل سکے۔