کچے کے ڈاکووں کے سرپرست پولیس افسراوراہلکاروں کو برطرف کیا جائے، رحمت خان وردگ

کراچی(ایچ آر این ڈبلیو) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ جن پولیس افسروں او راہلکاروں پر کچے کے ڈاکوؤں کی سرپرستی اور معاونت کا جرم حقیقت میں ثابت ہو‘ اسے ملازمت سے برطرف کیا جانا چاہئے کیونکہ حقیقت میں جرم میں ملوث افسران و اہلکاروں کہیں بھی ہوں گے تو اس علاقے میں جرائم کی سرپرستی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے اچھی طرح سے تحقیقات کرکے ثبوتوں کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی و معاونت کرنے والے پولیس افسروں اور اہلکاروں کو برطرفی کی سزا دینی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ خبر آئی ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں کی سرپرستی اور معاونت کرنے والے پولیس افسروں اور اہلکاروں کا کراچی تبادلہ کردیا گیا ہے۔ اگر حقیقتاً ایسا کیا گیا ہے کہ تو پھر کراچی کے حالات مزید خراب ہوں گے۔ کراچی پہلے ہی اسٹریٹ کرائم سمیت جرائم پیشہ عناصر کی آماج گاہ بنا ہوا ہے اور خطرناک ڈاکوؤں کی سرپرستی کرنے والے پولیس افسروں اور اہلکاروں کے کراچی تبادلے کے بعد یہاں سے اغواء برائے تاوان سمیت دیگر جرائم کی شرح میں اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے وزیراعلٰی سندھ‘ آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ مکمل تحقیقات اور ثبوتوں کے بعد جن پولیس افسروں او ر اہلکاروں پر کچے کے ڈاکوؤں کی سرپرستی اور معاونت کا جرم حقیقت میں ثابت ہوچکا ہو‘ انہیں فوری طور پر ملازمت سے برطرف کیا جائے۔ ایسے جرائم پیشہ افراد کے تبادلے سے دیگر علاقوں میں جرائم میں اضافہ ہوگا۔