کراچی میں آج درجہ حرارت 41 ڈگری تک جانے کا امکان

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) جزوی ہیٹ ویو کے سبب آج کراچی کا درجہ حرارت 41 ڈگری تک ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے گرمی کی غیرمعمولی لہر کے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں 3 روز کے دوران موسم گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے، کل تک کراچی میں دن کے وقت پارہ 38 تا 40 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں پرسوں سے جزوی ہیٹ ویو کے اثرات کم ہونا شروع ہوجائیں گے، جمعرات سے موسم صرف گرم و مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر معمولی گرمی کی وجہ گزشتہ دنوں پاکستان کا رخ کرنے والا مغربی سلسلہ ہے، ویسٹ ڈسٹربنس کے عقب میں گرم و خشک ہوائیں گرمی کا سبب ہیں۔ سسٹم کے شمال کی جانب منتقلی کے سبب ہواؤں کی سمت تبدیل ہو رہی ہے جبکہ سسٙم کے اثرات 36 گھنٹوں میں زائل ہونے کا امکان ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ کراچی میں جولائی کے پہلے ہفتے سے مون سون بارش متوقع ہے۔ دوسری جانب، حیدرآباد، میر پور خاص، عمرکوٹ اور بدین میں پارہ 44 تا 46 رہنے کی توقع ہے جبکہ جیکب آباد، دادو، شکارپور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ اور شہید بے نظیر آباد میں درجہ حرارت 46 تا 48 ڈگری رہنے کی توقع ہے۔ تھرپارکر اور عمرکوٹ میں آج شام یا رات آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔