بجٹ میں پراپرٹی الاٹمنٹ اور انتقال پر فائلرز اور نان فائلرز کیلئے فیڈرل ایکسائز ٹیکس عائد

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی بجٹ میں پراپرٹی کی الاٹمنٹ اور انتقال پر فائلرز کے لیے 3 فیصد اور نان فائلرز کے لیے 5 فیصد فیڈرل ایکسائز ٹیکس (ایف ای ڈی) لگا دیا گیا۔ گزشتہ روز قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے وفاقی بجٹ میں ایک سے دو ہزار گز کے رہائشی گھروں پر 10 لاکھ اور دو ہزار گز سے بڑے گھروں پر 15 لاکھ روپے ٹیکس لگایا گیا ہے جبکہ سرونگ اور ریٹائرڈ وفاقی اور صوبائی ملازمین، مسلح افواج اور جنگ میں زخمی ہونے والوں کے لیے غیر منقولہ جائیداد کی فروخت اور انتقال پر ایڈوانس ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے۔ ایسوسی ایشن آف پرسنز کے لیے 56 لاکھ سے زیادہ کمانے والوں کے لیے انکم ٹیکس 45 سے کم کر کے 40 فیصد کر دیا گیا ہے تاہم ایک کروڑ سالانہ سے زیادہ کمانے والوں کے لیے انکم ٹیکس پر 10 فیصد سر چارج لگایا گیا ہے۔ بجٹ میں بلڈرز اور ڈیویلپرز کو بھی ٹیکس نیٹ میں لایا گیا ہے، قابل ٹیکس بلڈرز اور ڈیویلپرز کے لیے حاصل کی گئی رقم پر 10 سے 15 فیصد تک ٹیکس لگایا گیا ہے، قابل ٹیکس آمدن پر 10 سے 15 فیصد لگا دیا گیا ہے۔