وزیراعظم کے خلاف تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا کون ہیں؟

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) پانامہ کیس میں وزیر اعظم اور ان کے خاندان سے تحقیقات کے لئے بننے والی جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء اس وقت ایف آئی اے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل امیگریشن کے طور پر فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق پولیس سروس سے تعلق رکھنے والے واجد ضیا ء ایف آئی اے میں آنے سے پہلے موٹر وے میں بطور ڈی آئی جی تعینات رہے۔اکنامک کرائمز کی تفتیش کے ماہر واجد ضیا ء ایف آئی اے میں دیانتدار افسر کے طور پر مشہور ہیں۔ واجد ضیا ء حج سکینڈل کی تفتیشی ٹیم کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ وہ بینظیر بھٹو قتل کیس کی تفتیشی ٹیم کا حصہ بھی رہے۔ واجد ضیا ء مختلف اضلاع میں ڈی پی او کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔جے آئی ٹی میں ایس ای سی پی کے نمائندے بلال رسول سابق گورنر پنجاب اور تحریک انصاف کے رہنما میاں محمد اظہر کے بھانجے ہیں۔ بیس سال سے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں اپنے کام سے نام رکھنے والے بلال رسول نے برطانیہ سے برٹش کونسل شیوننگ سکالر سے پبلک ایڈمنسٹریشن، اقتصادیات اور معاشیات میں ماسٹر ڈگری لی۔ کیپیٹل مارکیٹ میں ریگولیشن، سکیورٹی مارکیٹ، نان بینک فنانس کمپنیز اور غیرروایتی بنکاری میں 15 سال کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔ ایس ای سی پی میں اسلامک بنکاری کے سربراہ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ ڈی جی نیب بلوچستان عرفان نعیم منگی بھی جے آئی ٹی میں شامل ہیں۔ عرفان منگی بڑے کرپشن سکینڈلز کی تحقیقات کیلئے تجربہ کار سمجھے جاتے ہیں اور سابق آئی جی خیبر پختوانخواہ ملک نوید کو کرپشن کیس میں گرفتار کر چکے ہیں۔ انہیں ایک ماہ قبل ڈی جی نیب بلوچستان تعینات کیا گیا تھا۔دیگر اراکین میں اسٹیٹ بینک کے عامر عزیز، آئی ایس آئی کے نعمان سعید اور ملٹری انٹیلی جنس کے بریگیڈئر کامران خورشید شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں