کراچی میں‌گرین لائن بس منصوبہ دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا

کراچی (ایچ آر این ڈبلیو) ٹرانسپورٹ کے نظام کی بدحالی سے پریشان کراچی کے شہریوں‌ کی مشکلات کم ہونے والی ہیں. وفاقی حكومت كا گرین لائن بس منصوبہ سرجانی تا میونسپل پارك نزد جامع كلاتھ ماركیٹ رواں سال دسمبر میں مكمل كرلیا جائے گا جس کے پہلے فیز كا پلان اے سرجانی تا گرومندر كا 60 فیصد تعمیراتی كام مكمل ہوچكا ہے۔ وزیراعظم نواز شریف كی ہدایت پر وفاقی حكومت نے بس ریپیڈ ٹرانزٹ سسٹم كے گرین لائن بس منصوبے كی توسیع گرومندر تا مونسپل پارك ایم اے جناح روڈ اور فیز ٹو تبت سینٹر صدر ایریا تا ٹاور کے لیے7 ارب روپے فنڈ مختص كردیئے ہیں۔ گرین لائن بس منصوبے كے فیز ون كا پلان اے سرجانی ٹاؤن تا گرومندر كا آغاز جنوری 2016 میں ہوا تھا جس کا اب تك اس كا 60 فیصد كام مكمل ہوچكا ہے جب کہ بقیہ كام رواں سال دسمبر تك مكمل كرلیا جائے گا اور سرجانی تا گرومندر منصوبہ پر 17 ارب روپے لاگت آرہی ہے۔فیزون كے پلان بی گرومندر تا میونسپل پارك کے لیے 2 علیحدہ ٹینڈر كیے جارہے ہیں، گرومندر تا نمائش ٹینڈر ایوارڈ كیا جاچكا ہے اور 25 مئی سے تعمیراتی كام شروع كردیا جائے گا اس حصے پر انڈر پاس تعمیر كیا جائے گا، دوسرا ٹینڈر تاج كمپلیكس تا میونسپل پارك جون میں ایوارڈ كركے تعمیراتی كام شروع كردیا جائے گا، اس حصے پر بالائی گزرگاہ تعمیر كی جائے گی، فیز ون كے دونوں مراحل رواں سال دسمبر میں مكمل كرلیے جائیں گے۔فیز ٹو آئندہ مالی سال میں شروع ہوگا، فیز ٹو لوپ كی شكل میں تبت سینٹر سے ریگل چوك، عبداللہ ہارون روڈ، گورنر ہاؤس، شاہین كمپلیكس، آئی چندریگر روڈ، ٹاوراور ایم اے جناح روڈ تك تعمیر ہوگا، وفاقی حكومت نے فیز ٹو کے لیے فنڈز مختص كردیئے ہیں اور سندھ حكومت نے روٹ كی منظوری بھی دیدی ہے، فیز ٹو كی تفصیلی ڈیزائننگ آئندہ مالی سال میں شروع كی جائے گی جس كے بعد اس كا تعمیراتی كام شروع ہوگا۔ انہوں نے كہا کہ گرین لائن بس منصوبے میں تاریخی عمارتیں متاثر نہیں ہوں گی جس کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں