بھارت میں ’کشمیر کو آزاد کرو‘ کے پوسٹر اٹھانے والے طلبہ پر بغاوت کا مقدمہ

میسور (ایچ آر این ڈبلیو)‌ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی کے طلبہ سے اظہار یکجہتی کیلیے میسور یونیورسٹی میں احتجاج کے دوران ’کشمیر کو آزاد کرو کے پوسٹر‘ اٹھانے والے طلبہ پر بغاوت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ بھارت میں جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں نقاب پوش ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں تشدد کا شکار ہونے والے طلبہ کے خلاف پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کیا گیا اور اب ان طلبہ سے اظہار یکجہتی کے لیے بھارتی ریاست کرناٹک میں میسور یونیورسٹی کے طلبہ کی جانب سے احتجاج کیا گیا تو پولیس نے ان کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا۔ میسور یونیورسٹی کے طلبہ نے احتجاج کے دوران ’کشمیر کو آزاد کرو‘ کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے اور اسی بنیاد پر ان کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔میسور یونیورسٹی کے رجسٹرار کی جانب سے بھی طلبہ کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی جس میں کہا گیا کہ طلبا نے احتجاج کے لیے انتظامیہ سے اجازت نہیں لی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں