مگرمچھ کے آنسو بہانے والوں کا بویا آج پوری قوم کاٹ رہی ہے، ڈاکٹرفردوس

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اپنے کارکنوں کو دھوکہ دینے والے کس منہ سے دوسروں پر دشنام طرازی کرتے ہیں۔ غریبوں کی ہمدردی میں مگرمچھ کے آنسو بہانے والوں کا بویا آج پوری قوم کاٹ رہی ہے۔ چار دن جیل میں نہ رہنے والوں کی چیخیں بند نہیں ہو رہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 16 ماہ میں موجودہ حکومت نے قرضوں کی ادائیگی سمیت معاشی نظم و ضبط قائم کرنے کے لیے بروقت اور جرات مندانہ فیصلے کئے۔ مالیاتی اور انتظامی مشکل فیصلے قوم کو 71 سال کے مسائل سے نجات دلانے کے لیے کئے گئے ہیں۔ قوم کی ہمت اور حوصلے سے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہونے جارہاہے۔ وزیراعظم عمران خان کو قوم کی مشکلات کا بخوبی احساس ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو براہ راست ریلیف دینے کیلئے 7ارب کا یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے پیکیج دیا گیا۔ آنے والے دنوں میں عوام کی آسانی کیلئے مزید اقدامات ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں