عوام کو اس سے غرض نہیں کہ بحران مصنوعی ہے یا حقیقی، انہیں آٹا درکار ہے، ڈاکٹر اشرف جلالی

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: عوام کو اس سے غرض نہیں کہ بحران مصنوعی ہے یا حقیقی، انہیں آٹا درکار ہے۔ حیرانگی تو یہ ہے کہ ایک زرعی ملک جہاں اتنے بڑے پیمانے پر گندم کاشت کی جاتی ہے، وہاں لوگ ایک ایک نوالے کو ترس رہے ہیں۔ جب کسی دیس میں آٹا بھی عوام کی دسترس میں نہ رہے تو پھر ان کے بس میں کیا رہے گا۔ حکمرانوں نے انتخابات میں لوگوں کو بہت سبز باغ دکھائے مگر اب انہیں دال ساگ سے بھی محروم کر دیا ہے۔ منحوس گروہ نے لوگوں کو میدے کا جھانسا دے کر آٹے سے بھی دور کر دیا ہے۔ اگر دیکھا جائے تو حکمرانوں کے پاس نہ تو کوئی زمینی پلاننگ ہے اور نہ ہی آسمانی برکات کے نزول کے لیے کوئی فضاء تیار کی گئی ہے۔ جس معاشرے میں مظلوموں کی مدد نہ کی جائے اس معاشرے سے خوشحالی چھین لی جاتی ہے۔ جہاں رسول اکرم ﷺ کی شانِ زیبا کے خلاف الفاظ بول کر حکمران اکڑ جائیں وہاں رزق کے در بھی سکڑ جاتے ہیں۔ اشیائے خوردنی کی قلت سے معاشرہ میں خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے ساتھ آہنی ہاتھوں کے ساتھ نمٹا جائے۔ گندم سمگل کرنے کے امکانات ختم کیے جائیں۔ گندم کی شرح پیداوار بڑھانے کے لیے کسانوں کی حوصلہ افزائی نہایت ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں