اینٹی کرپشن نے نارتھ ناظم آباد SBCA کے تین اہلکاروں کو گرفتار کرلیا

کراچی( ایچ آراین ڈبلیو )صوبائی وزیر برائے اینٹی کرپشن سہیل انور سیال کی ہدایت پر صوبے بھر میں بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اس ضمن میں محکمہ اینٹی کرپشن ایسٹ زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کی منظم سرپرستی کرنے والے 3 افسران سمیت 5 ملزمان کوگرفتار کرلیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن ایسٹ زون ضمیر عباسی کے مطابق مجسٹریٹ کے ہمراہ کاروائی عمل میں لائی گئی ۔ گرفتار ملزمان میں ڈپٹی ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول رؤف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر منصوراور بلڈنگ انسپکٹر شہباز شامل ہیں۔ گرفتار ملزمان میں 2 عام شہری ندیم و دیگر بھی شامل ہیں۔ محکمہ اینٹی کرپشن کے حکام کے مطابق عام شہری بلڈنگ کنٹرول ملازمین کے فرنٹ میں تھے۔ملزمان نے سائٹ انسپکشن کے دوران غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کاروائی کرنے کیلئے رشوت وصول کی۔مزید بتایا گیا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران نے رشوت وصول کی جبکہ گرفتار ملزمان ناظم آباد فائیو ای میں عمارتوں کے غیر قانونی فلورز، دکانوں اور دیگر تعمیرات کی سرپرستی میں ملوث ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ضمیر عباسی کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور انہیں ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں