ٹی ایل پی کا حضرت امیر معاویہ اور امام جعفر صادق کی یاد میں‌ روحانی اجتماع

لاہور ( ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں عظیم صحابی رسول ﷺ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ کی یاد میں اور حضرت سیدنااما م جعفر صادق  رضی اللہ تعالی عنہ کی یاد میں روحانی اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا:محبت اہل بیت اطہار رضی اللہ تعالی عنھم اور محبت صحابہ کرام رضی اللہ تعالی عنھم آپس میں لازم و ملزوم ہیں۔امت مسلمہ کی وحدت کا راز اسی میں مضمر ہے۔عصر حاضر میں صحابہ و اہل بیت رضی اللہ تعالی عنھم کے درمیان اختلاف گھڑنے والے اور انہیں ہوا دینے والے امت مسلمہ میں انتشار پھیلانے والے ہیں۔ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ کے صحابی رسول ﷺ ہونے کی وجہ سے پوری امت پرآپ کا احترام لازم ہے۔قیامت تک کے ہزاروں اولیاء بھی کسی ایک صحابی کے ہم پلہ نہیں ہو سکتے۔جو نام زبانِ رسالت سے کئی بار اہتمام سے لیا گیا امت پر اس لفظ معاویہ کا احترام بھی لازم ہے۔حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ کے فضائل و مناقب اور اسلام کیلئے ان خدمات کا اعتراف چودہ صدیوں میں اہل سنت کا عقیدہ قرار پایا ہے۔اہل سنت کے نزدیک حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ کے فضائل و مناقب کا اعتراف اور ان کے احترام کا مطلب ہر گز ان کے مقام و مرتبہ کو حضرت سیدنا علی المرتضی رضی اللہ تعالی عنہ سے بڑھانا یا برابر قرار دینا نہیں ہے۔ایسے ہی حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ  کے فضائل بیان کرنے کا مطلب ہرگز حضرت مولا علی رضی اللہ تعالی عنہ کی تنقیص نہیں ہے۔حدیث رسول ﷺ کی روشنی میں حضرت سیدنا  علی المرتضی رضی اللہ تعالی عنہ کا مقام و مرتبہ حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ سے کہیں بلندو بالا ہے۔اہل سنت کا یہی عقید ہ اہل سنت کو خوارج،نواصب اور روافض سے ممتاز کرتا ہے۔اجتماع کے آخر میں حضرت امیر معاویہ رضی اللہ تعالی عنہ کی بلند ی دراجات کیلئے دعا کی گئی۔ اجتماع میں مولانا سید محمد آصف علی گیلانی،مولانا سید علی حسنین شاہ صاحب،مولانا سید زین العابدین شاہ صاحب،مولانا سید ثقلین شاہ صاحب،مولانا مفتی محمد حذیفہ جلالی،مولانا محمد اسامہ جلالی،مولانا محمدحامد مصطفی جلالی،مولانا محمدمدثر رضوی،مولانا محمد بلال حبیبی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں