کوروناوائرس،عدالتی حکم میں مزید 307 قیدی آج رہا ہونگے

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)کورونا وائرس کی وبا کے باعث آج اڈیالہ جیل سے مزید تین سو سات قیدیوں کو ضمانت پر آج رہا کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں کورونا وائرس کے باعث چار سو آٹھ قیدیوں کی ضمانت پر رہائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سماعت کے آغاز پرڈی سی اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ اڈیالہ جیل سے تین سو سات مزید قیدیوں کو آج رہا کررہےہیں،جس پرجسٹس اطہرمن اللہ نے ڈی سی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کی اس بحرانی صورتحال میں کارکردگی کی تعریف کرتے کہا کہ پرتشدد نوعیت کے مقدمات کے قیدیوں کے علاوہ دیگر کو ضمانت پر رہا کیوں نہ کر دیا جائے، پوری دنیا میں جیلوں سے لوگوں کو رہا کیا جا رہا ہے کیونکہ وائرس پھیلنے کا خطرہ ہے۔اس موقع پر ایڈوکیٹ جنرل نے موقف اختیارکیا کہ منشیات کے کیسز کے ملزمان کے رہا ہونے سے معاشرے کو خطرہ ہے،جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ یہ بحرانی صورت حال ہےایک کمیٹی تشکیل دے دیتی ہیں جو ان کیسزجائزہ لےگی،یہ عدالت مشروط ضمانتیں منظورکر لیتی ہے ضمانت کے بعد کمیٹی جائزہ لےگی کہ کن قیدیوں کورہا کرنا ہےاور کن کونہیں۔چیف جسٹس نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عدالت پابند کر دیتی ہے کہ ملزمان فرار نہ ہو سکیں،اس صورتحال میں خواتین کو غیر ضروری طور پر جیل میں نہیں رکھا جا سکتا۔بعد ازاں عدالت نے انتظامیہ، پولیس اور اے این ایف کے ایک ایک نمائندہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی، جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ عدالت سہولت فراہم کر رہی ہے، اگر کمیٹی مطمئن ہو تو پھر رہا کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں