احساس ریلیف پروگرام کے تحت ایک لاکھ32ہزار خاندانوں کو امدادی رقم دی جائے گی: چودھری اخلاق احمد

پسرور (ایچ آراین ڈبلیو) صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن چودھری اخلاق احمد نے کہا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں 3مراحل میں ایک لاکھ 32ہزار مستحق خاندانوں کو احساس ریلی پروگرام کے تحت امدادی رقوم دی جائیں گی ان میں 12ہزار سے زائد خاندانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت گرانٹس دی گئی ہیں جبکہ باقی ایک لاکھ20ہزار خاندانوں کو دو مراحل میں رقوم دی جارہی ہیں۔پسرور میں مرکز خریداری گندم کا معائنہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے جو صنعتی ورکرز بے روزگار ہوئے ہیں ان کے لیئے بھی احساس ریلیف پروگرام کیتحت ایک سکیم متعارف کی گئی ہے وہ احساس لیبر لکھ کر آن لائن فارم پُر کرکے اپلائی کریں انہیں بھی 12ہزار روپے فی کس امداد دی جائے گی صوبائی وزیر چودھری اخلاق احمد نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ سیالکوٹ پسرور روڈ کی تعمیر ہماری ترجیحات میں پہلے نمبر پر ہے گزشتہ دنوں جب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سیالکوٹ آئے تھے تو وزیراعظم کے مشیر عثمان ڈار،سابق ٹکٹ ہولڈر این اے 74غلام عباس اور سابق ٹکٹ ہولڈر پی پی40امجد علی باجوہ اور خود انہوں (چودھری اخلاق احمد) نے ان کے سامنے ایک ہی مطالبہ رکھا تھا کہ سیالکوٹ پسرور روڈ کی تعمیرو کشادگی کے لیئے فنڈز مہیا کیئے جائیں۔اس سوال پر کہ جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے لیئے فنڈز دیئے جائیں صوبائی وزیر نے کہا کہ کرونا سے نکلیں گے تو معلوم ہوگا کہ ڈویلپمنٹ کے لیئے کتنے فنڈز ہیں صوبائی وزیر نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں گندم کی خریداری کا ہدف حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ تحصیل پسرور میں بارشوں کی وجہ سے کم گندم کاشت ہوئی ہے تاہم اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر ریاض احمد سندھو کوشش کریں کہ ہدف کے قریب پہنچ سکیں۔اس موقع غلہ منڈی کے تاجر رہنما سیٹھ محمد ایوب نے بتایا کہ اس سال گندم کا جھاڑ بھی کم ہے جس کی وجہ سے ٹارگٹ پورا کرنا مشکل ہے۔صوبائی وزیر نے اے سی پسرور عامر شہزاد سے کہا کہ وہ محکمہ مال کے گرداوروں اور پٹواریوں سے رپورٹ لیں تاکہ معلوم ہوسکے کہ تحصیل پسرور میں کتنے ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی گئی تھی تاکہ معلوم ہوسکے کہ کتنی گندم خریدی جاسکتی ہے۔صوبائی وزیرنے اس امر پر اللہ تعالیٰ سے اظہار تشکر کیا کہ ضلع سیالکوٹ میں کرونا سے ہلاکتیں انتہائی کم ہوئی ہیں جبکہ زیادہ تر مریض صحتیاب ہوگئے ہیں انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 6ہزار سے زائد افراد کو گھروں میں قرنطین کیا گیا ہے صوبائی وزیر نے اے سی پسرور عامر شہزاد کی کارکردگی کی تعریف کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں