پاکستان اسٹاک ایکسچینج پرحملہ قابل مذمت،دشمن کے عزائم بے نقاب

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹرینڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر، صدر شیخ عمر ریحان ، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت اور نائب صدر سید واجد حسین نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت پر دہشت گردی کے حملے کی شدید مزمت کی ہے اور دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنانے والے شہدا ءاور سیکورٹی اہل کاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج پر حملہ براہ راست پاکستان کی معیشت پر حملہ ہے، ملک دشمن عناصر کے عزائم کھل کر سامنےآگئے ہیں ، وباء ہو یا ملک دشمن عناصر ہم متحد ہوکر اپنے وطن کو درپیش تمام خطرات کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی اس کارروائی کو ناکام بنانے والے رینجرز، پولیس اور سیکیورٹی اہل کار ہمارے ہیرو ہیں۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان کا کہنا تھا کہ اس حملے سے ایک بار پھر ثابت ہوا کہ ہماری معیشت سے متعلق دشمن قوتوں کے عزائم کس قدر مکروہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ قوم نے افواج پاکستان اور اپنے سیکورٹی اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کو شکست دی ہے اور ہمارا یہ عزم برقرار رہے گا۔ انہوں نے دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملانے والے رینجرز، پولیس اور سیکیورٹی اہل کاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ صدر کاٹی نے کہا کہ شہید ہونے والے پولیس اور سیکیورٹی اہل کار قومی ہیرو کا درجہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے واقعے میں شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں