ہسپتالوں پرکروناکا بوجھ بڑھ گیا،مجموعی صورت حال بھی تشویشناک ہوگئی ہے

پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)خیبر پختون خوا کے دارالحکومت کے بڑے اسپتالوں پر کرونا میں مبتلا مریضوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے، صوبے کی مجموعی صورت حال بھی تشویش ناک ہو گئی ہے۔محکمہ صحت کے پی سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس کی تیسری لہر میں گزشتہ ایک ہفتے میں شدت آگئی ہے، صوبے میں ایک ہفتے (27 مارچ سے 4 اپریل تک) میں کرونا وائرس کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ایک ہفتے میں صوبے میں 160 افراد کرونا وائرس سے جاں بحق ہوئے جب کہ مزید 7 ہزار 772 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے، کرونا وائرس وبا میں پہلی بار گزشتہ دن کے پی میں ریکارڈ 35 افراد وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے۔کرونا وائرس کے کیسز میں پشاور ڈویژن پہلے نمبر پر ہے، پشاور میں ایک ہفتے میں کرونا وائرس سے 99 افراد زندگی کی بازی ہارگئے، جب کہ 3 ہزار 21 افراد ایک ہفتے میں کرونا وائرس سے متاثر ہوئے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد پشاور کے بڑے اسپتالوں میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لیے مختص وارڈز بھر گئے ہیں، صوبے کے سب سے بڑے اسپتال ایل آر ایچ نے او پی ڈی سروس بند کر دی ہے، اسپتال میں مریضوں کو صرف ایمرجنسی سروس فراہم کی جا رہی ہے، کرونا وائرس بے قابو ہونے پر ایل آر ایچ نے 500 بیڈز پر مشتمل نئے تعمیر ہونے والی عمارت کو بھی کرونا کے مریضوں کے لیے مختص کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں