وفاقی کابینہ میں قلمدانوں کی تبدیلی صرف چہروں کی تبدیلی ہے،جام اکرام اللہ دھاریجو

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ پر صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قلمدانوں کی تبدیلی صرف چہروں کی تبدیلی ہے۔اب تک وفاقی وزراء کی کارکردگی زیرو ہے اور تحریک انصاف کی حکومت کے وعدے اور دعوے سب جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ قلمدانوں میں اکھاڑ پچھاڑ سے عوام کے مسائل میں اضافہ ہی ہوا ہے۔صرف 18 دنوں میں وفاقی وزیر خزانہ کی تبدیلی باعث حیرت ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی وزارت ایسے شخص کو دیتے ہیں جس نے کبھی سائنس پڑھی ہی نہیں۔ لگتا ہے وفاقی حکومت کے پاس کوئی ماہر معاشیات ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تجربات پر تجربات کررہی ہے اور اب تک کئے جانے والے تمام تجربات ناکام ہوئے ہیں۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ وفاقی حکومت کے اقدامات سے ابھی تک عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا ہے جبکہ مہنگائی اور بیروزگاری میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناقص معاشی پالیسیوں کے باعث ملک میں صنعتیں زوال کا شکار ہیں۔ وفاقی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔ وفاقی حکومت چاہیے کہ وہ عوامی مسائل پر توجہ دے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ مہنگائی پر قابو نہیں پایا گیا تو وفاقی حکومت کو عوام کے غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں