گلشن راوی پولیس نے 5 سالہ لاپتہ بچے کو ڈھونڈ نکالا، والدین کے حوالے

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) گلشن راوی پولیس نے لاپتہ 5 سالہ بچے کو ڈھونڈ کر والدین سے ملوا دیا۔ گلشن راوی پولیس کو 5 سالہ بلال کے اغواء کی درخواست موصول ہوئی، ایس پی اقبال ٹاؤن نے فوری طور پر ایس ایچ او گلشن راوی حافظ شجاع اللہ کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی۔ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کو چیک کیا گیا، وائرلیس کالز، پیرو اور ڈولفن فورس کو الرٹ کیا گیا، مساجد میں اعلانات اور سوشل میڈیا کو استعمال کیا گیا۔ پانچ سالہ بلال دھوپ سڑی گھر سے باہر کھیلنے کیلئے نکلا اور راستہ بھول گیا، پولیس ٹیم نے بچے کو گلشن راوی پارک کے قریب سے تلاش کرکے والدین کے حوالے کر دیا۔بچے کے بحفاظت ملنے پر والدین نے پولیس کا شکریہ ادا کیا اور ڈھیروں دعائیں دیں۔