عشق رسولؐ دُنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے، شمعونہ صدف

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) نیشنل ایسوسی ایشن فارایجوکیشن (نافع) سندھ اور بلدیہ وسطی کے تعاون سے آرٹس کونسل آف پاکستان ضلع وسطی نارتھ کراچی میں بین المدارس مقابلہ حسن قرأت ونعت اورسیرت ؐ کوئزکا انعقاد۔تقریب کی صدارت آرٹس کونسل آف پاکستان ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ریزیڈنٹ ڈائریکٹر بشیرخان سدوزئی نے کی۔تقریب کا انعقاد دوحصوں میں ہوا،پہلے سیشن کے مہمانِ خصوصی وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیرتھے۔دوسرے سیشن کی مہمان خصوصی کو ٹرانزیشن آفیسر بلدیہ وسطی شمعونہ صدف تھیں۔میزبانِ خصوصی میں (نافع) سندھ کے ڈائریکٹر انتصارخان غوری اور ڈپٹی ڈائریکٹرڈاکٹرخالدمحمودصدیقی تھے۔نظامت کے فرائض معروف ماہرتعلیم وقاص شیخ نے انجام دیئے۔تقریب میں تعلیمی اداروں کے سربراہان،اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے علاوہ سیاسی وسماجی شخصیات جن میں ایم صدیق ملک،سیدنبی احمد رضوی،ڈاکٹرمحمدایوب عباسی،شاہدمحی الدین،صابرحسین صابر،شہنازالہدیٰ،ڈاکٹرشبیراحمد بھٹی،صبا شیخ و خلیل پراچہ،فیصل انصاری،قاری بقاء الرحمٰن فاروقی،روزینہ نعیم،شفیق احمد عباسی،ڈاکٹرعامر،محمد شکیل ودیگر نے خصوصی طورپرشرکت کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی شمعونہ صدف نے اپنے خطاب میں کہاکہ نیشنل ایسوی ایشن فارایجوکیشن(نافع)سندھ کی جانب سے تعلیمی اداروں کے مابین حضورؐ کی سیرت پر کوئزمقابلے کا انعقاد نہ صرف قابل ستائس بلکہ قابل تقلید اقدام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محبت رسول ؐ کے بغیردل اُس تاریک غار کی مانند ہے جوہمیشہ روشنی سے محروم رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عشق رسولؐ دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔کوئز پروگرام کے اختتام پرکو ٹرانزیشن آفیسر بلدیہ وسطی شمعونہ صدف نے کامیاب طلبہ وطالبات میں انعامات تقسیم کئے۔جبکہ تقریب کے منتظم اعلیٰ انتصارخان غوری نے مہمانِ خصوصی سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔