کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) کھارادر میں آئل کی دکان میں سوتیلے باپ نے بیٹے پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی جو جھلس کر شدید زخمی ہونے کے بعد دوران علاج دم توڑ گیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او کھارادر پولیس اسٹیشن عبدالرشید آغا نے بتایا کہ کھارادر کے علاقے شاہین مسجد کے قریب واقع فاروقی آئل ڈپو میں آگ لگنے سے ایک شخص جھلس کر شدید زخمی ہوا جسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔ عبدالرشید آغا کے مطابق جھلسے ہوئے شخص کی شناخت 24 سالہ عبداللہ ولد سلطان کے نام سے کی گئی جو بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ مقتول اپنی دکان میں بیٹھا ہوا تھا کہ اس کا سوتیلا باپ اکبر آیا جس نے عبداللہ پر پیٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی اورموقع سے فرار ہوگیا جبکہ یہ بھی پتہ چلا ہے کہ مقتول اور مفرورملزم اکبر کے درمیانی گھریلو چپقلش چل رہی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ مقتول عبداللہ لیاری جبکہ اس کا سوتیلا باپ اورنگی ٹاؤن کا رہائشی ہے ، ایک سوال کے جواب میں ایس ایچ او کھارادر نے بتایا کہ مقتول نے موت سے قبل اپنے بیان میں واقعے کا ذمے دار سوتیلے باپ کو قرار دیا تھا اور اسی بیان کی روشنی میں قتل کی دفعہ 302 مقدمے میں شامل کی جائے گی۔ عبدالرشیدآغا کے مطابق پولیس سوتیلے باپ ملزم اکبر کو سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے جسے جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
Load/Hide Comments