خیبرپختونخوا حکومت کا رنگ روڈ، انڈر پاسز، فلائی اوورز تعمیر کرنیکا فیصلہ

پشاور (ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا اجلاس ہوا۔ ڈیڑھ سال بعد منعقد ہونے والے اجلاس میں 33 نکاتی ایجنڈے پر غور اور اہم فیصلے کئے گئے، پشاورمیں ٹریفک مسائل کے حل کے لئے رنگ روڈ اور دیگر اہم سڑکوں پر انڈر پاسز، فلائی اورز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا، کل آٹھ انڈرپاسز، فلائی اورز تعمیر کئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تین انڈرپاسز فلائی اورز رنگ روڈ باقی مختلف مصروف مقامات پر تعمیر کئے جائیں گے، اجلاس میں رنگ روڈ کی کشادگی اور بحالی کے کاموں کی بھی منظوری دی گئی، پی ڈی اے کے زیرانتظام ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پرمنتقل کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی۔ ریگی ماڈل ٹاؤن میں پی ڈی اے کے سب آفس کے قیام کی بھی منظوری دیدی، ریگی ماڈل ٹاؤن میں ایجوکیشن کمپلیکس کے قیام کے لئے ایکشن پلان کی بھی منظوری دی گئی، پی ڈی اے ایکٹ 2017ء کے تحت مختلف رولز اینڈ ریگولیشنز کی بھی مشروط منظوری دی گئی۔ فرانزک سائنس لیبارٹری کے قیام کے لئے محکمہ داخلہ کو درکار اراضی فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی، بورڈ نے ریگی ماڈل ٹاؤن میں پیراپلیجک سینٹر کے قیام کے لئے درکار اراضی دینے کی بھی منظوری دے دی۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ نیو پشاور ویلی منصوبے پر پیشرفت کے لئے ایک مہینے میں پلان پیش کیا جائے، بی آر ٹی کے گرے سٹرکچر کی تزئین و آرائش کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں، پی ڈی اے کے تمام انفراسٹرکچر کی شمسی توانائی پر منتقلی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پی ڈی اے کے زیرانتظام سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال کا خصوصی انتظام کیا جائے۔