ضلع لکی مروت میں پولیس اوراشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ

پشاور(ایچ آراین ڈبلیو)صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع لکی مروت میں پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں خواتین اور بچوں کا قاتل ہلاک جبکہ ایک سب انسپکٹر زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق لکی مروت کے علاقے جابو خیل میں پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں نوید نامی ملزم ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ملزم گزشتہ روز 2 خواتین اور ایک بچے کے قتل میں ملوث تھا، ملزم نے دیرینہ دشمنی پر دستی بم سے حملہ اور فائرنگ کی تھی۔ مقابلے میں سب انسپکٹر دمساز خان بھی زخمی ہوئے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈی پی او کا کہنا ہے کہ مارے گئے ملزم سے کلاشنکوف اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئی ہیں، ہلاک ملزم نوید، بدنام زمانہ ماخو گروپ کا اہم کارندہ تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں