مملکت میں بہت جلدٹرانسپورٹ منصوبے مکمل کئے جائیں گے

ریاض(ایچ آراین ڈبلیو)سعودی وزیر نقل و حمل و لاجسٹک خدمات انجینیئر صالح الجاسر نے کہا ہے کہ مملکت میں بہت جلد کئی اہم ٹرانسپورٹ منصوبے مکمل کیے جائیں گے جس سے شہریوں کو مزید سہولیات میسر ہوں گی۔مجوزہ منصوبوں میں جدہ اور ریاض کے درمیان ریلوے لائن، مشرقی علاقے کو مغربی سے جوڑنے والی ریلوے لائن اور نئی قومی فضائی کمپنی کا قیام قابل ذکر ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق الجاسر نے کہا کہ نئی حکمت عملی کے تحت متعدد بین الاقوامی فضائی گروپ بنائے جائیں گے، لاجسٹک زونز اور پلیٹ فارم قائم کیے جائیں گے۔علاوہ ازیں سعودی بندرگاہوں کا بنیادی ڈھانچہ جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، پورے ملک میں سڑکوں کے جال کا معیار زیادہ عمدہ بنایا جائے گا۔الشرق الاوسط کے مطابق سعودی عرب فضائی نقل و حمل میں دنیا بھر میں پانچویں پوزیشن حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کررہا ہے، ڈھائی سو سے زیادہ بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے لیے پروازیں چلائی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں