جماعت اسلامی کا لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلیے کے الیکٹرک کو 3 دن کا الٹی میٹم

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کے الیکٹرک کو لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے 3 دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا کہ اگر بجلی کی بندش ختم نہ ہوئی تو شاہراہ فیصل پر طویل دھرنا دیں گے۔ کے الیکٹرک ہیڈ آفس پر دیے گئے احتجاجی دھرنے سے رات گئے اختتامی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا تو ہم احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔ جماعت اسلامی کے نامزد چیئرمین،وائس چیئرمین اور کونسلرز اپنے اپنے علاقوں میں احتجا ج کریں گے، ہم سڑکیں بند کرنا نہیں چاہتے،اگر کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو ہم شاہراہ فیصل بلاک کردیں گے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ کے الیکٹرک کی بدترین لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کو عذاب میں مبتلا کیا ہوا ہے۔ کے الیکٹرک ایک پرائیویٹ کمپنی ہے لیکن تمام حکومتیں اور حکمران جماعتیں اس کی پشت پناہی کرتی ہیں، جنہوں نے کے الیکٹرک کو سیاسی مافیا بنایا دیا ہے۔ اربوں روپے کی سا لانہ سبسیڈی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مفتاح اسماعیل اور اس سے پہلے والے وزیر اسد عمر سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کے الیکٹرک کو کس معاہدے کے تحت گیس فراہم کی جارہی ہے، جبکہ وہ سوئی سدرن گیس کی نا دہندہ ہے۔ جن لوگوں کو عوام نے مینڈیٹ دیا انہوں نے کراچی کو تباہ کیااور ہمیشہ عوامی مینڈیٹ کا سودا کیا آج بھی اپنی قیمتیں لگوائی جا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں