امریکا کے ساتھ متعدد معاملات پر تعاون ختم کررہے ہیں، چین

بیجنگ (ایچ آراین ڈبلیو) چین رواں ہفتے امریکی ایوان نمائندگان اسپیکر نینسی پیلوسی کے تائیوان کے دورے کے بعد واشنگٹن کے ساتھ متعدد دفاعی نوعیت سے متعلق اجلاس سمیت اہم موسمیاتی مذاکرات کو معطل کررہا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ نے تائیوان کے دورے پر نینسی پیلوسی کے ’چین کی سخت مخالفت‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ ’چین-امریکا موسمیاتی تبدیلی کے مذاکرات کو معطل کر دے گا‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیجنگ اور واشنگٹن کے عسکری رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے ساتھ دو سیکیورٹی اجلاس کا منصوبہ بھی ختم کر دے گا۔ چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ غیر قانونی تارکین وطن کی وطن واپسی، عدالتی مدد اور بین الاقوامی جرائم کے ساتھ انسداد منشیات کی کارروائی پر واشنگٹن کے ساتھ تعاون معطل کررہا ہے۔ علاوہ ازیں اس سے قبل چین نے کہا تھا کہ نینسی پیلوسی اور اس کے خاندان پر غیر متعینہ پابندیاں عائد کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں