پاکستان میں کرونا وائرس سے صحت یابی کی شرح 98 فی صد رہی

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے دوران پاکستان میں کووِڈ نائنٹین سے صحت یابی کی شرح 98 فی صد رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع وزارت صحت نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد ایک ہزار 60 ہے، جب کہ ملک میں 15 لاکھ 46 ہزار 553 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملک بھر میں کرونا کے ایک ہزار 35 مریض قرنطینہ ہیں، سندھ میں قرنطینہ مریضوں کی تعداد 563 ہے، خیبر پختون خوا میں 45، پنجاب میں 202، بلوچستان میں 3، وفاقی دارالحکومت میں 191، آزاد کشمیر میں 6، جب کہ گلگت بلتستان میں 25 مریض قرنطینہ میں ہیں۔ ملک بھر میں کرونا کے 25 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، خیبر پختون خوا میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 6 ہے، پنجاب میں 5، سندھ میں 14 مریض زیر علاج ہیں، جب کہ اسلام آباد، بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کرونا کا کوئی مریض زیر علاج نہیں ہے۔ وزارت صحت کے مطابق ملک بھر میں کرونا کے 3 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں، جن میں سے پنجاب میں 2 اور سندھ میں ایک مریض شامل ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 4 مریض ہائی فلو اور 9 لو فلو آکسیجن پر زیر علاج ہیں۔