روس کے ریڈیو اسٹیشنز ہیک، صدر پوٹن کا جعلی پیغام نشر ہوگیا

ماسکو (ایچ آراین ڈبلیو) روسی ایوانِ صدر کریملن نے کہا کہ کئی روسی ریڈیو اسٹیشنوں کو ہیک کر کے صدر ولادیمیر پوٹن کی جعلی تقریر چلائی گئی جس میں یوکرین کے فوجی حملے اور یوکرین سے متصل تین علاقوں میں ہنگامی اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کریملن کے ترجمان دیمیتری پیسکوف نے کہا کہ ہیکنگ کا واقعہ جنوب مغربی بیلگوروڈ میں دراندازی کی متعدد کوششوں اور شدید گولہ باری کے درمیان اور یوکرین کے جلد متوقع جوابی کارروائی کے عندیے کے بعد سامنے آیا ہے۔ پوٹن کا جعلی پیغام جو اب بھی سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے، میں کہا گیا ہے کہ نیٹو کی طرف سے اور واشنگٹن کی رضامندی اور حمایت سے مسلح یوکرین کے فوجیوں نے کرسک، بیلگوروڈ اور برائنسک علاقوں پر حملہ کر دیا ہے۔ پیغام میں سنائی دے رہی آواز پوٹن کی آواز سے کافی ملتی جلتی ہے۔ پیغام میں مذکورہ بالا تینوں خطوں میں مارشل لاء، متحرک ہونے اور شہریوں کے انخلاء کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ دیمیتری پیسکوف کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ ایک ہیک تھا جسے اب کنٹرول کیا جاچکا ہے۔