صدر مملکت کی جانب سے مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کیلئے اعزازات کا اعلان

راولپنڈی (ایچ آراین ڈبلیو) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک فوج، بحریہ اور فضائیہ کے افسران اور جوانوں کے لیے اعزازات کا اعلان کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے فوجی افسران اور جوانوں میں ایک کو ستارہ بسالت، 135 کو تمغہ بسالت، 45 کو امتیازی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 148 جوانوں کو چیف آف آرمی سٹاف تعریفی کارڈز، 23 کو ہلال امتیاز (ملٹری)، 109 کو ستارہ امتیاز (ملٹری) اور 137کو تمغہ امتیاز (ملٹری) دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سپیشل سروسز گروپ کے سپاہی اسرار محمد کو ستارہ بسالت سے نوازا جائے گا۔