بلوچستان، بی ایل اے کے دہشت گردوں کا غیر ملکی اسلحہ استعمال کرنے کا انکشاف

کوئٹہ (ایچ آراین ڈبلیو) بلوچستان میں بی ایل اے کے دہشت گردوں کی جانب سے غیر ملکی اسلحہ استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے لائے جانے والے غیر ملکی اسلحے کے استعمال کے ثبوت ایک بار پھر منظرِ عام پر آگئے۔ 25 اور 26 مارچ کی درمیانی رات کو بی ایل اے کے دہشت گردوں نے تربت میں پاک بحریہ کی پی این ایس صدیق پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے آپریشن کے دوران M32 ملٹی شاٹ گرینیڈ لانچر, M16/A4, نائت تھرمل ویزن اور دیگر امریکی ساختہ اسلحہ برآمد کیا۔ بی ایل اے کے دہشت گردوں نے 20 مارچ 2024ء کو گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر بزدلانہ حملہ کرنے کی ناکام کوشش کی جی پی اے پر حملے کے دوران بی ایل اے کے دہشت گردوں نے امریکی اسلحے کا استعمال کیا جو کہ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں برآمد کیا۔ دہشت گردوں سے برآمد ہونے والے امریکی اسلحے میں M-16/A4 ،AK-47 گرینیڈ لانچر اور ہینڈ گرینیڈ شامل تھے۔ اس سے پہلے بھی متعدد بار پاکستان میں دہشت گردی کے حملوں میں غیر ملکی ہتھیار استعمال کیے گئے۔ افغانستان سے جدید امریکی اسلحہ کی پاکستان اسمگلنگ اور ٹی ٹی پی کا سیکیورٹی فورسز اور پاکستانی عوام کے خلاف امریکی اسلحے کے استعمال افغان عبوری حکومت کا اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کے دعووں پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔