وفاقی حکومت نے آٹا برآمد کرنے کی مشروط اجازت دے دی

اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی حکومت نے آٹا برآمد کرنے کی مشروط اجازت دے دی، وزارت تجارت نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق درآمدی گندم سے تیار آٹا برآمد کرنے کی اجازت ہوگی جبکہ صرف برآمدی مقاصد کیلئے درآمدی گندم سے تیار آٹا برآمد ہوسکے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آٹا برآمد کرنے کی اجازت ایکسپورٹ سہولت اسکیم 2021 کےتحت دی گئی جبکہ ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں ترمیم کردی گئی۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں گندم کے تسلی بخش اور وافر ذخائر موجود ہیں، رواں سال گندم کاپیداواری ہدف32.1 ملین ٹن حاصل کرلیا جائےگا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق گندم کی کاشت مقررہ ہدف سے 1.8 فیصد زائد ہوئی ہے۔