وسیم باغ سٹی ہومز کی گلیاں ابلتے ہوئے گٹروں‌ کی نشانیاں بن گئیں، یوسی کا فنڈز نہ ہونے کا رونا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) گلشن اقبال بلاک 13/D-2 وسیم باغ سٹی ہومز کی گلیاں ابلتے ہوئے گٹروں‌ کی نشانیاں بن گئیں، یو سی انتظامیہ اور گلشن ٹاؤن کے دعووں کی قلعی کھل گئی، جس میں چئیرمین گلشن ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد چند اسٹریٹ لائٹس لگا کر حافظ نعیم کی تصویر کے ساتھ پورے علاقے میں بینر پر “گلشن ٹاؤن کو بنائیں گلشن” کرتے نظر آر ہے ہیں، وسیم باغ، سٹی ہومز کی گلیوں کو منظر دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے گلشن کو لیاری ٹاؤن بنا دیا ہے، وسیم باغ کے عقب میں پروجیکٹ صائم ریذیڈنسی جو کہ ایک ایمینٹی پلاٹ کو تبدیل کرا کے بنایا گیا ہے اس کی تعمیر کے بعد سے وسیم باغ سے ردا میڈیکل سینٹر جانے والا روڈ‌ لیاری ندی کا منظر پیش کرتا ہے ، لوگ اپنے خرچوں پر گٹر کھلوا کر تنگ آ چکے ہیں‌ لیکن یوسی انتظامیہ فنڈز کا رونا روتی پھر رہی ہے اور چئیرمین گلشن ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد صرف نعرے بازی سے کام چلا رہے ہیں، ادھر اہلیان سٹی ہومز کی طرف سے ایم کیو ایم کے نومنتخب رکن اسمبلی معید انور سے رابطہ کیا گیا جنہوں نے پہلے ایک درخواست واٹر بورڈ کو دینے کی ہدایت کی ہے اور بعد ازاں اس معاملے کو دلچسپی کے ساتھ حل کرانے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے-