سیکریٹریٹ کو فنکشنل کیاجائیگا،غلط فہمیاں پھیلانے والوں کوناکامی ہوگی

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کومکمل طور پر فنکشنل کیا جائےگا،غلط فہمیاں پھیلانےوالوں کوناکامی ہوگی-ماضی کے حکمرانوں نے اپنے دور اقتدار میں جنوبی پنجاب کے لوگوں کے حقوق کا استحصال کیا،عوام کو لالی پاپ دیئے-ڈسکہ میں سو دفعہ الیکشن ہوں ن لیگ دھول ہی چاٹے گی،جعلی راجکماری پلیٹ لٹس ڈرامے کا پارٹ ٹو نہیں چلاسکتیں- معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام تحریک انصاف کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل طور پر فنکشنل کیا جائے گا اور کسی قسم کی رکاوٹ کو سامنے نہیں آنے دیں گے۔ جو لوگ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے حوالے سے بدگمانی اور غلط فہمی پھیلانے میں مصروف عمل ہیں انہوں نے اپنے دور اقتدار میں عوام کو لالی پاپ دیئے اور جنوبی پنجاب کے لوگوں کے حقوق کا استحصال کیا۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماضی میں 17فیصد بجٹ جنوبی پنجاب کے استعمال میں لایا جاتا تھا لیکن اس کے برعکس پی ٹی آئی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے لئے 33فیصد بجٹ مختص کر کے رنگ فینسنگ کر دی ہے تاکہ بجٹ کہیں اور منتقل نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور ان کی ٹیم یکساں ترقی کے عمل کو مخصوص علاقوں کی سوچ اور فکر سے نکال کر ہرضلع تک ترقی و خوشحالی کے خواب کو عملی جامہ پہنانے میں مصروف عمل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے مشن پر گامزن ہیں۔ دوردراز علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ اورعوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا بزدار حکومت کا مشن ہے۔ماضی کے حکمرانوں نے عوام کے حقوق کا استحصال کیا۔ماضی کے حکمرانوں نے خدمت کے نام پر جائیدادیں بنائیں اور اپنی تجوریاں بھریں۔قرضوں کا بوجھ قوم کے کندھوں پر ڈال کر ظلِ سبحانی منشی سمیت لندن کوچ کر گئے اور جھوٹوں کی رانی کو عوام کے متھے مار گیا۔ ڈسکہ الیکشن سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پرمعاون خصوصی نے کہاکہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں