پاکستان پیپلزپارٹی ملیر،گلشن حدیدمیں شمولیتی جلسہ منعقدکیا گیا

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان پیپلز پارٹی ملیر کی جانب سے گلشن حدید میں شمولیتی جلسہ منعقد کیا گیا، جلسے میں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر محمد ساجد جوکھیو، معاون خصوصی سلمان عبداللہ مراد، ایم پی اے شاہینہ شیر علی بلوچ، سیکریٹری اطلاعات میرعباس تالپور، صدر پی ایس 87 امداد جوکھیو، سابق ممبر ضلع کونسل کراچی آغا طارق پٹھان، اسد اللہ میمن سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور بن قاسم مصلحتی کمیٹی کے چیئرمین وجاہت قمبرانی، حیدر سولنگی، امان اللہ ابڑو، رحمان کمانڈو، اشرف ابڑو، سارنگ شاہ، چوہدری پرویز جٹ، بہادر قمبرانی، فواد میمن، آصف نیازی نے اپنے سینکڑوں کارکنان کے ساتھ پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر محمد ساجد جوکھیو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والے تمام دوستوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، انہوں نے کہاکہ 50 لاکھ نوکریاں ایک کروڑ گھر دینے والوں نے اسٹیل مل کے مزدوروں سے ان کا روزگار اور گھر چھینا ہے، پیپلز پارٹی میں ہی عوام کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجود ہے، صوبائی وزیر محمد ساجد جوکھیو نے کہاکہ عوام نے اعتماد کرکے ہمیں اعلیٰ ایوانوں تک پہنچایا ہے اور آج ہم یہاں کھڑے ہوکر بات کر رہے ہیں یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی مہربانی ہے جنہوں نے ہمیں زبان دی، یہاں جو مزدور یونین، ہاری کمیٹیاں بنی ہوئی ہیں یہ سب شہید ذوالفقار علی بھٹو کی دی ہوئی سوچ ہے کہ اپنے حق کے لئے لڑو، صوبائی وزیر محمد ساجد جوکھیو نے کہاکہ عمران خان نے عوام سے جتنے جھوٹ بولے ہیں تاریخ میں اتنے کسی نے نہیں بولے ہونگے، عمران خان جھوٹ کے سواء کچھ بھی نہیں کیا، انہوں نے کہاکہ عمران خان نے کہا تھا کہ ہم اسٹیل مل بچائیں گے، اسٹیل مل چلائیں گے لیکن نیازی سرکار اسٹیل ٹائون کے درخت تک کٹوا رہی ہے، انہوں نے اسٹیل مل کو تو تباہ کردیا لیکن اب درخت بھی نہیں چھوڑ رہے ہیں، صوبائی وزیر محمد ساجد جوکھیو نے مزید کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کر رہی ہے، انہوں نے کہاکہ سندھ وفاق کو 72 فیصد گیس دے رہا ہے لیکن سندھ کے عوام کو گیس چلانے کا حق بھی نہیں ہے، تیل یہاں سے نکل رہا ہے لیکن ہمارا حق نہیں ہے، یہاں پر پورٹ ہمارے ہیں لیکن ان پر ہمارا حق نہیں ہے اگر سندھ کے وسائل پر ہمیں حق دیا جائے تو سندھ خوشحال ہو سکتی ہے، انہوں نے کہاکہ وفاق نے آٹا، چینی سمیت ضرورت زندگی کی چیزوں کی قیمتیں بڑھا دی ہیں مہنگائی آسمان تک پہنچ گئی ہے، غریب عوام پریشان ہے، سندھ حکومت نے عوام کا درد سمجھتے ہوئے اعلان کیا کہ مزدور کی تنخواہ 25 ہزار ہوگی، انہوں نے کہاکہ اسٹیل مل کی نجکاری ہونے نہیں دینگے اور نہ ہی پرائیویٹائزیشن ہونے دینگے، انشاء اللہ 2023 میں پاکستان پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنائے گی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک کو ترقی کی طرف لیکر جائیں گے اور اسٹیل مل کو بحال کرینگے، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سلمان عبداللہ مراد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور دیگر جماعتوں کے کارکنان نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کر کے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، پیپلزپارٹی شہیدوں کی جماعت ہے، ہمیں اپنے کارکنان پر فخر ہے، پیپلزپارٹی نے سندھ بھر میں بلاتفریق ترقیاتی کام کروائے ہیں اور آئندہ بھی سندھ حکومت سندھ کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے، اگلے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی ملک بھر سے کامیاب ہوگی اور آئندہ وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے، اس موقع پر پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والے وجاہت قمبرانی اور دیگر نے کہاکہ تبدیلی کے نام پر ہمارے ساتھ دھوکہ کیا گیا، اسٹیل میں سے ہزاروں لوگوں کو جبری برطرف کیا گیا، موجودہ وفاقی حکومت مزدور اور غریب لوگوں کی دشمن حکومت ہے، پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کر کے دلی سکون محسوس کر رہے ہیں ۔کیونکہ پیپلزپارٹی غریبون کی جماعت ہے، جلسے میں پیپلز یوتھ ملیر کے صدر منیر ایوب بلوچ، غلام رضا جتوئی، غلام صفدر بھٹی، خدابخش پٹھان، چوہدری محمد اکرم آرائیں، غلام شبیر ڈار، رئوف بلوچ، شفیق بگھیو، واجد گبول، جاوید تاج، ریاض شر، نجم مغل،محمد عرس کھیڑو، عبدالرسول بلالی، آفاق مزاری اور دیگر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں