محمداشرف آصف جلالی کے ماموں کے ختم قل شریف کا اجتماع منعقد

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کے ماموں جان چوہدری محمد ہدایت اللہ گوندل کے”ختم قل شریف“ کااجتماع جامع مسجد جلالی رضوی عقلانی چوک حافظ الحدیث بھکھی شریف میں منعقد کیا گیا۔اجتماع کی صدارت صوبیدار(ریٹائرڈ)عطاء محمدگوندل نے کی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرمحمد اشرف آصف جلالی نےکہا: فکر آخرت انسان کو گناہوں کی آلودگی سے محفوظ رکھتی ہے۔ محاسبہ نفس سے انسان کا مقدر سنور جاتا ہے۔ بغیر بندگی کے زندگی سراسر شرمندگی بن جاتی ہے۔زندگی کے ہجوم میں آخرت کو بھول جانے والا اپنا بھاری نقصان کر لیتا ہے۔ عقل مند وہی ہے جو دنیا کیلئے آخرت نہ چھوڑے اور آخرت کیلئے دنیا نہ چھوڑدے۔ دنیا اور اس کی لذتیں عارضی ہیں جبکہ آخرت کے انعامات دائمی ہیں۔ آج غیروں کی تقلید میں مسلمان مادہ پرستی کے غبار میں گم ہوتا جا رہا ہے۔ یہ دنیا کی خاصیت ہے کہ جوں جوں انسان دنیا کے معاملات میں آگے بڑھنا چاہتا ہے توں توں اس کا قلبی سکون چھنتا جاتا ہے۔ مگر فکر آخرت کی طرف متوجہ انسان کو دنیا میں بھی قلبی سکون ملتا ہے اور آخرت میں دائمی نوازشات کا حق دار قرار پاتا ہے۔ اجتما ع میں مولانا محمد اکرم جلالی، مولانا محمد اسامہ جلالی، مفتی محمد حناد رضا حبیبی، مولانا محمد ذوالفقار جلالی، صاحبزادہ محمد کعب الاسلام جلالی، محمد سفیر عباس جلالی، حاجی نذر حسین ودیگر نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں